کتابیں بچوں کی سب سے اچھی دوست ہیں: احمد سعید حرف
احمد ایجوکیشنل اکیڈمی میں مارکشیٹ تقسیم پروگرام منعقد
بارہ بنکی، (ابوشحمہ انصاری) تعلیم انسانی زندگی کے لیے بہت ضروری ہے، تعلیم کے بغیر انسان اپنی تعلیمی، فکری، ذہنی وغیرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار احمد ایجوکیشنل اکیڈمی، فتحپور میں مارکشیٹ تقسیم پروگرام کے دوران ایڈوکیٹ احمد سعید حرف نے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کتابیں بچوں کی سب سے اچھی دوست ہیں۔ کتابیں ہمیشہ صحیح سمت میں رہنمائی کرتی ہیں، اس لیے والدین کو محتاط رہنا چاہیے کہ ان کے بچے کس کے ساتھ وقت گزار رہے ہیں۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے پرنسپل عظمت النساء نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی بہتر تعلیم کے لیے اساتذہ اور والدین دونوں کی یکساں ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو پڑھائی کا اچھا ماحول فراہم کریں تاکہ بچے پوری توجہ کے ساتھ پڑھ سکیں۔ اگر بچوں کی پڑھائی میں کوئی مسئلہ ہو تو اسے فوری طور پر حل کریں۔
علی سر کی نظامت میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں پری نرسری سے ہشتم درجات میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو میڈل دے کر انعام سے نوازا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ، والدین اور طلباء موجود رہے۔