محلہ پھلواری ٹولہ میں غیر طرحی شعری نشست کا انعقاد
بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)گزشتہ شب محلہ پھلواری ٹولہ، سید عارف محمود کی رہائش گاہ پر ایک خوبصورت غیر طرحی شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست کی سرپرستی وثیق الرحمان شفق نے کی، جبکہ صدارت کے فرائض حاجی شیخ مطیع اللہ حسینی نے انجام دیے۔ نظامت کی ذمہ داری حسان ساحر نے نہایت عمدگی سے نبھائی۔ نشست میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے محمد نسیم گڈو (سابق ضلع پنچایت ممبر) اور محمد عقیق عرف پپو نے شرکت کی۔
محفل کا آغاز حسان ساحر کی پرسوز آواز میں نعتِ پاک سے ہوا، جس نے سامعین کو روحانی کیف و سرور سے بھر دیا۔ اس شعری نشست میں معروف اور باصلاحیت شعراء نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ نشست میں پڑھے گئے اشعار قارئین کی خدمت میں پیش ہیں:
ہوں غلام نبی اس لیے
دشمنوں سے بھی نفرت نہیں
احمد سعید حرف
ترے عروج پہ ظالم زوال آئے گا
ہمیشہ ظلم کا سورج کہاں چمکتا ہے
حاجی مطیع اللہ حسینی
کاش کچھ روز پہلے اگر ڈالتے التفات نظر
تم مرے پاس آئے ہو اب جب مرض لا دوا ہو گیا
حسان ساحر
ایسے حالات میں بہتر مجھے گھر لگتا ہے
جیب خالی ہو تو بازار سے ڈر لگتا ہے
شاداب انور
خون کے رشتے اگر خون رلانے لگ جائیں
وقت سے پہلے ہی ماں باپ ٹھکانے لگ جائیں
حسن نعیم
ہم اور بھی آنکھوں کو چمکدار کریں گے
تم آؤ ذرا سامنے دیدار کریں گے
وثیق الرحمن شفق
مختصر وقت کے لیے آئیں
ایسے مہماں کھلا نہیں کرتے
سلمان فتح پوری
نشست کے اختتام پر معروف شاعر مرحوم اکبر علی منصوری کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ آخر میں صاحبِ خانہ سید عارف محمود نے تمام شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ یہ نشست محلہ پھلواری ٹولہ کی علمی و ادبی فضا کو مزید معطر کر گئی۔