تحریک آزادی میں ڈانڈی مارچ کا کردارکے موضوع پر ویبنار کا انعقاد
رام پور یوپی :(مجاہدخاں) محمد علی جوہر یونیورسٹی میں آج تحریک آزادی میں ڈانڈی مارچ کا کردارکے موضوع پر یک روزہ ویبنار کا انعقاد کیا گیا۔ کشاگر شریواستو نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے مہمانان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شمائلہ نعیم نے مجاہدین آزادی کے موضوع پر اپنے خطاب میں سردار بلبھ بھائی پٹیل،جواہر لال نہرو، سبھاش چندر بوس، بھگت سنگھ، سکھدیو، چندر شیکھر آزاد، کنور سین کے علاوہ دیگر مجاہدین کا عمومی تعارف پیش کیا۔انھوں نے کہا ان مجاہدین آزادی نے جد وجہد آزادی میں ناقابل فراموش کردار ادا کیاہے۔جبکہ ڈاکٹر ریکھا سروہی نے ہندوستان کی تحریک آزادی میں ڈانڈی مارچ کا کردار کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ماہرہ اخلاق نے تحریک آزادی میں محمد علی جوہر کی خدمات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی جوہر تحریک آزادی کے سالار تھے۔ انھوں نے انگریزوں کی غلامی سے آزادی کےلئے اپنی زندگی کے آخری وقت تک جد وجہد کرتے رہے۔ یہاں تک موت سے قبل انھوں نے انگریزحکمرانوں کے درمیان کہا تھا کہ یاتو تم مجھے آزادی دو یا پھر مجھے دفن ہونے کے لئے دو گز زمین،میں غلام ملک میں مرنا نہیں چاہتا ہوں۔ بعد ازاں کلچرل کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر گلریز نظامی نے ویبنار میں شرکاءکا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے معاونین کو کامیاب پروگرام کے لئے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر نامے علی، ڈاکٹر پلکت اگروال، ڈاکٹر راہین شمع، انا انجم، اقرا معظم، رابعہ خان وغیرہ موجود تھے۔























































