دیواس (۰۳/ اکتوبر ۰۲۰۲ نیوز بیورو)
محفل میلاد میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت، اس وقت کے معجزات، فضائل و خصائل کا تذکرہ کیا جاتا ہے خواہ نثر کی صورت میں ہو یا منظوم کی، ایسی بے شمار احادیث ہیں جن میں صحابہ کرام نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی میلاد، معجزات، شمائل،خصائل بیان کیے ہیں اگر یہ بات ناجائز ہوتی تو صحابہ کرام کبھی انہیں روایت نہ فرماتے اور نہ ہی محدثین اپنی کتب میں نقل کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار سیر ت کمیٹی (دیواس)کے زیر اہتمام مسلسل چارروزہ پروگرام میں مولانا عرفان اشرفی (قاضی شہر) نے کیا۔
جناب زیبر احمد مدنی (صدر سیرت کمیٹی) نے کہا کہ ہر مسلمان کا یہ فرض ہے کہ وہ عید میلاد النبی کے موقع پر اخوت و محبت اور بھائی چارگی کا پیغام دے اور خدمت خلق کا خوب اہتمام کرے۔
عالمی اسلامک اسکالر مجاہد اسلام سید عالمگیر اشرف کچھوچھوی(یوتھ صدر آل انڈیا علماء ومشائخ بورڈ) نے فرانس کے صدر کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام کی بے حرمتی کرنے والے دنیا کے امن کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے والے اس عمل کو آزادی صحافت سے تعبیر کرنے والے دہشت گرد ہیں۔ فرانسیسی صدر کا اس معاملے کو آزادی اظہار رائے کا بیان دینا، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور تشہیر قابل مذمت ہے اور فرانس کے صدر کا مضموم اقدام مجرمانہ، غیر ذمہ دارانہ ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ ہم آزادی اظہار کے حامی ہیں لیکن کسی قسم کی انتہا پسندی کے حق میں نہیں ہیں۔ فرانس میں مساجد کی تعمیر، داڑھی رکھنے اور حجاب کرنے پر پابندی اور توہین رسالت بھی دہشت گردی ہے۔ یورپی یونین کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ مزید انہوں نے کہا کہ آج کل معاشیات کا دور ہے کسی کو کمزور کرنا ہے یا بدلہ لینا ہے تو ان کی معشیت کو نقصان پہنچانا ہوگا جب ان کے معیشت کو نقصان پہنچے گا تو پھر وہ کبھی بھی اس طرح مذموم حرکت کا مظاہرہ نہیں کرے گا لہذا ہمارا فرض ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تمام کمپنیوں کے اشیاؤں کا بائیکاٹ کریں۔ اس موقع پرپروگرام میں مولانا نعمان اشرفی، مفتی ظریف احمد، جناب ادریس غوری، سعید خان، صوفی مختار اشرف، صوفی خالد اکرام، سلطان اسرار احمد، صوفی شارق اشرفی کے علاوہ کئی بہت سارے علمائے کرام موجود تھے۔پروگرام کا اختتام صلوۃ وسلام اور ملک میں امن اور امان اور ترقی و خوشحالی کی دعا پر ہوا۔























































