ناگپور: ۷۲/اگست(پریس رلیز)
انٹر نیشنل سنی سینٹر (ناگپور)کے زیر اہتمام سہ روزہ تربیتی اجتماع برائے خواتین اسلام محترمہ بی بی رضوانہ پروین کی صدارت میں بمقام اشرفی خانقاہ حضرت نظام کالونی میں سوشل دسٹینسنگ کا خیال رکھتے ہوئے محفل ذکر شہدائے کربلا منعقد کیا گیا۔ آغاز پروگرام تلاوت کلام ربانی بعدہ حمد، نعت و مناقب کے گلہائے عقیدت پیش کی گئیں۔ پروگرام کے دوران عالمہ الفت جہاں امجدی نے کہاکہ مسلمان جن شخصیتوں کو فخر کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں اور جو انسانی تاریخ کے لئے ایک مشترکہ ورثے کا درجہ رکھتی ہیں ان میں سید الشہداء حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کی شخصیت اپنے کردار، اپنے طرز فکر اور اپنی جدوجہد کے حوالے سے سب سے الگ ہے۔آپ رضی اللہ عنہ کی عظمت اور مقام کو صرف مسلمان ہی تسلیم نہیں کرتے بلکہ غیر مسلم مشاہیر بھی ان کو عزت اور منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
مزید انہوں نے کہا کہ اسلام کا سرمایہ حیات یزیدیت نہیں بلکہ حسینیت ہے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ شہادت امتِ مسلمہ کے لئے کئی پہلو سے عملی نمونہ ہے، جس پر انسان عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی کو اسلامی طرز پر قائم رکھے اسلامی زندگی اسلامی رنگ و روپ کی بحالی کیلئے صداقت حقانیت جہد مسلسل اور عمل پیہم میں حسینی کردار اور حسینی جذبہ ایثار و قربانی سے سرشار ہو۔ اقتدار کی طاقت جان تو لے سکتی ہے ایمان نہیں۔ اگر ایمانی طاقت کارفرما ہو تو اسکے عزم و استقلال کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ پروگرام کا اختتام صلوۃ وسلام اور ملک میں امن اور امان اور ترقی و خوشحالی کی دعا پر ہوا۔























































