نئی دہلی: (فیروز خان) ماب لنچنگ اور ہجومی دہشت گردی کا سلسلہ اب دہلی میں بھی شروع ہوگیا ہے جہاں شرپسند عناصر لوگوں نے مسلم حلیہ میں ملبوس ایک حافظ و قاری کو پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کے باہر معمولی بات پر بےرحمی سے پیٹ پیٹ کر شہید کردیا ۔
موصولہ اطلاع کے مطابق گڑھی دولت (کاندھلہ) ضلع شاملی کے رہنے والے قاری محمد اویس امامت کی تلاش میں دہلی آئے ہوئے تھے، کل دیر رات وہ واپس گھر لوٹنے کے ارادہ سے پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچے، اسٹیشن کے باہر غیر قانونی طور پر لگی موبائل دکان سے قاری اویس موبائل لیڈ خریدنے لگے، انہوں نے دکاندار سے موبائل لیڈ دکھانے کو کہا، قاری صاحب نے پیکٹ سے نکال کر لیڈ کو چیک کیا اور اس کی قیمت معلوم کی، قیمت سننے کے بعد قاری اویس نے کہا کہ یہ موبائل لیڈ مہنگی ہے، میں اس کو نہیں خرید سکتا، دوکاندار نے مرحوم قاری اویس کو کہا کہ پیکٹ کھولنے اور لیڈ چیک کرنے کی وجہ سے اب تمہیں یہ ہر حال میں خریدنی پڑے گی، اسی بات پر بحث شروع ہوگی دوکاندار نے اپنے پڑوسی دکانداروں کو بلا کر قاری اویس کے ساتھ گالم گلوج شروع کردی اور پھر سبھی نے بیک وقت چوطرفہ حملہ کرکے قاری اویس کی بے رحمی سے پٹائی شروع کردی، اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، وہ دکاندار مارتے وقت مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز نعرہ بھی لگا رہے تھے، یہاں تکہ ان شرپسند عناصر نے قاری اویس کو بےرحمی سے پیٹ پیٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا، اور موقع وردات سے اپنی دکانیں بند کرکے فرار ہوگئے، یہ واقعہ چاندی چوک ماڈل ٹاؤن کوتوالی کا ہے ۔ جب اس واقعے کی اطلاع تھانہ کوتوالی ماڈل ٹاؤن چاندنی چوک کو ملی تو پولیس قاری اویس کو قریب کے ارونا آصف علی ہسپتال لے گئی جہاں پر ڈاکٹروں نے اُن کو مردہ قرار دے دیا، متاثر کی جیب سے برآمد آدھار کارڈ کی بناء پر گھر والوں کو ان کی ہلاکت کی خبر دی گئی، اچانک ملی ماب لنچنگ کی خبر سے پورے گھر اور رشتہ داروں میں کہرام مچ گیا، آناً فاناً گھر والے جائے وقوعہ پر پہنچے، اہل خانہ نے دکانداروں کے خلاف رپورٹ درج کروا دی ہے ، پولیس تفتیش میں جٹی ہوئی ہے ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے، پوسٹ مارٹم کے بعد لاش تدفین کیلئے شاملی بھیج دی گئی۔
اس سلسلے میں آل انڈیا امام فاؤنڈیشن نے حادثہ کی پرزور مذمت کی پولیس اور سرکار سے سے مطالبہ کیا کہ جو بھی اس میں مجرم پایا جائے اس کے خلاف سخت سے سخت قانونی کاروائی کی جائے۔
جمعیۃ علماء ہند (م) کا ایک وفد کل ان کے آبائی وطن گڑھی دولت کا دورہ کرے گا اور مکمل تحقیقات کے بعد ناظم عمومی کو صحیح صورت حال سے واقف کرائیگا


























































