سعودی عرب ہمیشہ اہلِ فلسطین کی تائید کرنے والا ملک رہا ہے
پرویز یعقوب مدنی ✍️
خادم: جامعہ سراج العلوم السلفیہ، جھنڈانگر، نیپال
اس کرۂ ارضی پر موجود مملکتِ سعودی عرب ہمیشہ سے بلا تفریقِ رنگ و نسل، مذہب و ملت اور افکار و نظریات، خدمتِ انسانی کا علمبردار ملک رہا ہے۔ حال ہی میں مسئلۂ فلسطین کے موضوع پر نیویارک (امریکہ) میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ خطے میں امن و سلامتی، بقائے باہم، یکجہتی و خیرسگالی اور مجموعی ترقیات کا انحصار اسی بات پر ہے کہ باشندگانِ فلسطین کو ان کے تمام جائز حقوق فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کا اولین حق یہ ہے کہ 1967 کی حدود کے مطابق ان کی ایک آزاد ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔
مملکتِ سعودی عرب نے نہ صرف اس ریاست کے قیام کی بھرپور وکالت کی ہے بلکہ کئی بااثر ممالک کو اس موقف پر اعتماد میں بھی لیا ہے۔ لیکن افسوس کہ اسرائیل کی ہٹ دھرمی اور عالمی برادری کی اکثریت کے منافقانہ رویّے کی وجہ سے متعدد سیمیناروں، کانفرنسوں اور مذاکرات کے باوجود مسئلۂ فلسطین ایک پیچیدہ مسئلہ بنا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ہر زمانے میں میر جعفر اور میر صادق جیسے عناصر موجود رہے ہیں۔ نفاق اور بدعات کا ظہور ہوتا رہا ہے، اور مسلمانوں کے داخلی و خارجی دشمن پیدا ہوتے رہے ہیں، جو ہمیشہ اسلام کے ماننے والوں اور اسلامی تعلیمات کے علمبرداروں کو ترچھی نظروں سے دیکھتے رہے ہیں۔
ایسے ناپاک عناصر، جو روافض و خوارج کی شکل میں موجود رہ کر اسلام کو کھوکھلا کرنے اور اسلامی تعلیمات کو نیست و نابود کرنے کی کوششیں کرتے ہیں، اللہ انہیں غارت کرے۔ ان ہی کی ایک کڑی وہ لوگ ہیں جو مسئلۂ فلسطین کے پُرامن حل کی مخالفت اور شام کی تباہی کا سبب بنے، اور وہاں کے امن و امان کو غارت کرنے والوں کی تائید و توثیق کرتے رہے۔
اللہ تعالیٰ مملکتِ سعودی عرب کے حکمرانوں کو جزائے خیر عطا فرمائے، جنہوں نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی بے لوث حمایت کی ہے، اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر نہایت جرأت و حکمت سے اپنا موقف دہراتے ہوئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا برملا اعلان کیا ہے۔
یہ ایک انتہائی تاریخی اقدام ہے، جس کی ہر سطح پر ستائش ہونی چاہیے۔ ایسے مخلص اور انسانیت نواز حکمرانوں کی صحت، سلامتی، بقاء، تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر باحمیت مسلمان کو دعائے خیر کرنی چاہیے۔
ربُّ العالمین تمام دنیا کے حکمرانوں کو مسئلۂ فلسطین میں سعودی حکومت کی پالیسیوں کی تائید و حمایت اور توثیق کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین



























































